ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امسال کاروار تعلیمی ضلع میں 145طلبہ نے تعلیم ادھوری چھوڑ دی

امسال کاروار تعلیمی ضلع میں 145طلبہ نے تعلیم ادھوری چھوڑ دی

Tue, 26 Feb 2019 20:52:54    S.O. News Service

کاروار 26؍فروری (ایس او نیوز)محکمہ تعلیمات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق امسال کاروار تعلیمی ضلع میں تعلیم ادھوری چھوڑ کر اسکولوں کو خیر باد کہنے والے طلبہ کی تعداد 145ہوگئی ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیمات عامہ، محکمہ سماجی فلاح وبہبود، تعلیم سب کے لئے اسکیم،محکمہ بہبودئ خواتین و اطفال، لیبر ڈپارٹمنٹ، محکمہ صحت عامہ، ایس ڈی ایم سی، آشا کارکنان اور گرام پنچایت اراکین کے تعاون سے گزشتہ سال14سے28 نومبر تک طلبہ کے اسکولوں میں داخلے اور حاضری کے تعلق سے سروے کیا گیا تھا۔ان اعدادشمار کی بنیاد پر یہ نتیجہ نکالا گیا ہے کہ موجودہ تعلیمی سال میں 145طلبہ نے اسکول آنا چھوڑ دیا۔محکمہ تعلیمات کا کہنا ہے کہ ان بچوں کے اسکول چھوڑنے کے اسباب کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ اب جون2019میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ان طلبہ کو دوبارہ اسکولوں میں لے آنے اور ان کی عمر کے مطابق درجات میں داخل کرتے ہوئے انہیں مناسب تربیت دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

اسکول سے غیر حاضر رہنے والے طلبہ کی تعداد اگر دیکھیں توانکولہ میںیہ تعداد 19ہے جو کہ سب سے کم ہے۔ کاروار میں27، بھٹکل میں 30، ہوناور میں 32 اور کمٹہ میں 39بچوں نے اسکول آنا ترک کردیا ہے۔تعلیم سے محروم رہنے والے طلبہ کی نشاندہی کے لئے کیاگیا مشترکہ سروے بہت ہی کامیاب رہا ہے۔کیونکہ اب سے پہلے صرف محکمہ تعلیمات کی جانب سے سروے کیا جاتاتھا۔ ا س مرتبہ کئی دیگر محکمہ جات اور اداروں نے اس ضمن میں تعاون کیا اور تعلیمی ضلع کی صورت حال بہتر طور پر سامنے آئی ہے۔

عام طور پر ہر سال ریاست بھر میں ہزاروں طلبہ اسکول کو خیرباد کہنے اور تعلیم ادھوری چھوڑنے کی بات سرسری طور پر کہی جاتی تھی۔لیکن اس مرتبہ کیے گئے سروے کے بعد خود محکمہ تعلیمات نے اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاست بھر میں جملہ 1.19طلبہ نے اسکول جاناترک کردیا ہے۔سرو سکھشا ابھیان کے لئے استعمال ہونے والے سائٹ پر یہ اعداد وشمار ظاہر کیے گئے ہیں۔


Share: